جاپان میں 13 ملین ڈالر کی900 لگژری گھڑیاں غائب

0
83

جاپان میں تقریباً 900 لگژری گھڑیوں کی لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ تیرہ ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان گھڑیوں کے لاپتہ ہو جانے کا انکشاف ایک آن لائن رینٹل پلیٹ فارم کی بندش کے بعد ہوا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق ان گھڑیوں میں رولیکس، اومیگا اور ٹاگ ہوئر جیسے انتہائی بیش قیمت برانڈز شامل ہیں اور وہ ایک ایسے آن لائن پلیٹ فارم کے قبضے میں تھیں، جو انہیں مختلف گاہکوں کو کرائے پر دیتا تھا۔ جاپانی معیشت میں اشیاء اور سروسز کے اس طرح مشترکہ استعمال کو شیئرنگ اکانومی کہا جاتا ہے۔

ان گھڑیوں کے لاپتہ ہو جانے کا انکشاف متعلقہ آن لائن رینٹل پلیٹ فارم کی بندش کے بعد ہوا۔

ملکی میڈیا نے جمعرات سات مارچ کے روز بتایا کہ رینٹل ویب سائٹ کا مالک مبینہ طور پر فرار ہو کر دبئی جا چکا ہے۔

جاپانی شہر اوساکا میں پولیس نے بتایا کہ یہ لگژری واچ رینٹل ویب سائٹ وسطی جاپان کے اسی شہر سے کام کر رہی تھی اور اس کا نام Toke Match تھا۔ جن بیش قیمت گھڑیوں کو اب تک برآمد نہیں کیا جا سکا، ان کی تعداد تقریباً 900 اور مجموعی مالیت تقریباً13ملین ڈالر (قریب 12 ملین یورو) بتائی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی طرف سے چھان بین جاری ہے اور ان گھڑیوں کی ممکنہ برآمدگی کے سلسلے میں اسے وقت کے خلاف دوڑ کا سامنا ہے۔

‘ٹوکے میچ‘ نامی ویب سائٹ نیؤ ریزرو‘ نامی کمپنی کے زیر انتظام کام کرتی تھی اور اس پلیٹ فارم نے گھڑیاں کرائے پر دینے کی اپنی سروس 31 جنوری کو بند کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں رکھوائی گئی تمام لگژری گھڑیاں ان کے مالکان کو وا پس کر دے گا۔

جاپانی پبلک براڈکاسٹر این ایچ کے نے بتایا کہ پولیس کو اس معاملے میں دھوکہ دہی کا علم تب ہوا، جب اوساکا، ملکی دارالحکومت ٹوکیو اور دیگر شہروں میں ایسی تقریباً 190 گھڑیوں کے مالکان کی طرف سے 40 سے زائد درخواستوں میں شکایت کی گئی کہ ٹوکے واچ نے اپنی رینٹل سروس تو بند کر دی ہے لیکن انہیں ان کی گھڑیاں کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود واپس نہیں کی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here