پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے کوئٹہ میں موجود گھر پر فورسز نے حملہ کیاہے اور ایک محافظ کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی اسمبلی میں فوج کیخلاف تقریر کرنے اور صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے پاداش میں عسکری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے گھر پرحملہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پارٹی سربراہ محمود خان اچکزئی کے کوئٹہ میں موجود رہائش گاہ پرچھاپا مارا گیا اور اچکزئی کے ایک محافظ کو گرفتار کیا گیاہے۔
انہوں نے ملک گیراحتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں خطاب کی سزادی گئی۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ کی جانب سے بھی محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کی مذمت کی گئی ہے۔
سابق نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مالک کی شکایت پر محمود خان اچکزئی کے گھر کے سامنے موجود ان کے پلاٹ پر سے قبضہ واگزا کرونے کیلئے کارروائی کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ کی کواری روڈ پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے صدارتی امیدوار محمودخان اچکزئی کی رہائش گاہ کےقریب خالی پلاٹ پر قبضہ واگزار کروایا گیا ہے۔
ڈی سی سعد بن اسد کا کہناہے کہ محمودخان اچکزئی نےڈھائی کنال سرکاری اراضی پر چار دیواری لگاکر قبضہ کر رکھا تھا، کار سرکار میں مداخلت اور اسسٹنٹ کمشنر پر اسلحہ تاننے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اطلاعات جان اچکزئی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رئیں گے۔محمود خان اچکزئی کے گھر کی چادر اور چار دیواری کی پامالی نہیں ہوئی۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ محمود خان کے گھر پہ چھاپہ نہیں مارا گیا ہے پلاٹ قبضہ کیا تھا اس کو خالی کرانے کے لیے چھاپہ مارا گیا ہے، جس کو یہ لوگ غلط رنگ دے رہے ہیں کہ محمود خان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔
پشتونخوا میپ کے رہنمائو ں کے مشترکہ پریس کانفرنس میں رحیم زیارتوال نے کہا کہ ان حرکتوں سے ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
محمود خان اچکزئی کے گھر پر حملے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کے کاروباروں کو سیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ‘ اسمبلی میں تقریر پر محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہم آئین ‘ قانون کی بالادستی کے سوا کسی ڈکٹیٹر کے حامی نہیں رہے جان اچکزئی خود غیر آئینی شخص ہے ‘ اسکو لانے والے غیر آئینی ہیں ۔
محمود خان اچکزئی صدر پاکستان کے امیدوار ہیں انکے گھر پر چھاپے کا مقصد سب کو معلوم ہے ‘ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کےپہلے دن ہمیں جمہوریت کا ساتھ دینے کی پاداش میں تحفہ دیا گیا ہے ۔
محمود خان اچکزئی کے گھر پر حملے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کے کاروباروں کو سیل کیا گیا ہے ‘ ۔
رحیم زیارتوال نے پریس کانفرنس کرتے ہوے کہا کہ کل دوپہر تین بجے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے ۔
محمود خان اچکزئی کی تقریر کے بعد ریاستی اداروں کو ان کارروائیوں کا خیال آیا ہے ہمیں اطلاع تھی کہ محمود خان کے گھر یا انکے بچوں پر منشیات کا کیس ڈال کر گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
محمود خان اچکزئی صدارتی امیدوار ہیں انہیں صدر کا پروٹوکول ملنا چاہیے تھا ‘ محمود حان اچکزئی کے گھر پر ریاستی حملے کے بعد کل پاکستان بھر میں وکلا بھی ہڑتال کرینگے۔