ساحلی بلوچستان میں شدید بارش، گوادر سمیت متعدد علاقے ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی
بلوچستان کے ساحلی شہر اور سی پیک مرکز گوادر اور پیشکان سمیت مکران ڈویژن میں 36 گھنٹوں سے مسلسل بارش سے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں ۔
تمام نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ ندی نالوں میں سیلاب اور طغیانی سے مسجدوں میں اذانیں شروع ہوگئیں۔
طوفانی بارشوں سے گوادر شہر زیر آب آگیا ہے۔ پورا شہر پانی میں ڈوبا ہو اہے۔
گوادر میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں اوربچوں سمیت کئی افراد دیواریں گرنے سے زخمی ہوگئیں۔

ساڑھے تین گھنٹے مسلسل بارش اور ایک مختصر وقفے کے بعد دوبارہ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گوادر کے علاقے سربندن اور شنکانی در میں بارش کا پانی کوسٹل ہائی وے پر اوور فلو ہورہا ہے، جس سے ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جبکہ رہائشی آبادی اور دکانیں مکمل پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
عوام کی جانب سے انتظامیہ، جی ڈی اے اور بلدیہ گوادر کے علاوہ رضاکاروں کو مدد کی اپیل کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں 15 جبکہ گوادر میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔