بلوچستان کے صنعتی شہر حب اور ساحلی علاقہ و سی پیک مرکز گوادر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں سیکورٹی گارڈ سمیت پنجاب کا رہائشی 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
حب میں مغربی بائی پاس پرواقع پیٹرول پر مسلح نامعلوم موٹر سائیکل سوارافراد کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا۔
نعش حب اسپتال منتقل کردی گئی ۔
اس حوالے سے ایدھی ریسکیو ذرائع کے مطابق حب مغربی بائی پاس کے قریب پیٹرول پمپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پیٹرول پمپ سیکورٹی گارڈ 63سالہ ضعف العمر حیات اللہ ولد لیربہ خان ہلاک ہو گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کررہے تھے کہ سیکورٹی گارڈ نے مزاحمت کی جس پر نہ صرف مسلح ڈاکوؤں نے سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین لیا بلکہ فائرنگ کردی جس سے وہ گولیاں لگنے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گیا۔
مسلح افراد کی تعداد تین بتائی جاتی ہے۔
ہلاک سیکورٹی گارڈ کی نعش حب اسپتال منتقل کر دیا گیا تا ہم واقعہ کے حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں گوادر میں مسلح افراد کی فائرنگ ہلاک ہونے والے پنجاب کے رہائشی شخص کی نعش آبائی علاقے میں منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذ رائع کے مطابق گزشتہ روز گوادر سٹی کے اندر گوادر ڈیزل سروس نامی دوکان میں کام کرنے والے کامران ریاض احمد ساکن محلہ محمدی عبدالحکیم،تحصیل کبیر والا ضلع خانیوال پنجاب کے رہائشی کو موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے ایک گولی اس کے سر پر لگی۔
زخمی شخص کو فوری طور پر جی ڈی اے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
بتایا جاتا ہے متوفی کی نعش کو اس کے آبائی علاقے میں روانہ کردیا گیا ہے۔