حکومت بلوچستان نے بلوچستان بھر میں اسمارٹ لاک ڈائون میں 2 جون تک توسیع کردی ہے۔
محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق رمضان میں دکانیں صبح 3 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ رمضان کے بعد صبح 8 سے شام 6 بجے تک بازار کھلا رہے گا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تندور، ڈیری کی اشیا رکھنے والی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز وقت کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
واضح رہے کہ 8 مئی کو بلوچستان میں لاک ڈائون کو اسمارٹ لاک ڈائون میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان بھر میں لاک ڈائون کو اسمارٹ لاک ڈاو¿ن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک مارکیٹ کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے اسمارٹ لاک ڈائون سے متعلق ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ صوبے بھر میں دوکاندار اور تاجر تنظیمیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ایس او پیز پرعملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں بھی لاک ڈائون میں نرمی کے بعد معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کے ساتھ متعدد کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے کورونا سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں حکم کے بعد صوبائی حکومتوں نے اب ہفتے کے ساتوں روز کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ شاپنگ سینٹرز بھی کھل گئے ہیں۔