پنجگور ،خاران، نوشکی ، تربت ، تمپ ،وڈ ھ وبولان میں فورسز،انتخابی سرگرمی وامیدواران پر حملے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان میں 8فروری کوہونے والے عام ریاستی الیکشن کادن جوں جوں قریب آرہا ہے بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں کے حملوں میں تیزی آرہی ہے ۔

گذشتہ روزپنجگور ،خاران، نوشکی ، تربت ، تمپ ،وڈ ھ اور بولان میں سرکاری دفاتر،سیکورٹی فورسز،انتخابی سرگرمیوں اور امیدواران کے انتخابی دفاترو رہائش گاہوں پر حملے متعدد حملے ریکارڈ ہوئے ہیں۔

پنجگور میں پی بی 29 سے نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی اسلام کے گھر کے قریب دھماکا ہوا۔

پولیس ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی امیدوار حاجی اسلام کے گھر کے قریب دھماکا ہوا۔

دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب خاران میں مین بازار میں قومی اسمبلی کے امیدوار چنگیز ساسولی کے الیکشن کیمپ کے قریب یکے بعد دیگر دو دھماکے ہوئے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے چنگیز ساسولی کے الیکشن دفتر پر دستی بم پھینکا جبکہ دوسرا دھماکہ کھڑی موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹنے سے ہوا۔

خیال کیا جارہا ہے کہ موٹر سائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم خاران پولیس کے ایس پی کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔

تاہم دھماکوں سے کوئی جانی و مالی نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ الیکشن کیلئے فول پروف سیکورٹی کے باوجود گزشتہ کچھ ہفتوں میں خاران شہر میں الیکشن مہم کے دوران متعدد دھماکوں کی واقعات ہوئے ہیں۔ان میں اکثر حملوں کی ذمہ داری بی ایل اے کی جانب سے قبول کی جاچکی ہیں۔

اسی طرح نوشکی میں الیکشن کمیشن دفتر کے قریب دھماکا ہوا۔

ایس پی نوشکی اللہ بخش بلوچ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا الیکشن کمیشن کے دفتر کے گیٹ کے قریب خالی پلاٹ میں ہوا۔

دھماکا خیز مواد پلاسٹک بیگ میں رکھا گیا تھا۔

دریں اثناتربت کے علاقے تمپ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اصغر رند کے گھر کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا۔

اسی طرح تربت میں پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر برکت کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔

علاوہ ازیں بولان گوکرت کے علاقے میں پہاڑوں سے گوکرت کی طرف فائرنگ اور سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد راکٹوں سے حملے شروع کئے گئے ۔

علاقائی ذرا کے مطابق متعدد مسلح افراد نے تین اطراف سے حملہ کردیا، گوکرت میں پھر سے حالات خراب ہیں ، تمام ٹریفک کو ڈھاڈر کے مقام پر روک دیا گیا ہے اور عوام سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

اسی طرح خضدار کے علاقے وڈھ میں بیکری کی دکان پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔

اطلاعات کے مطابق وڈھ کے علاقہ کلی براہیمزئی ایریا میں دکان پر ہینڈ گرنیڈ حملہ کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Share This Article
Leave a Comment