سعودیہ کا اسلامی فوج کے لیے 10 کروڑ ریال فنڈ کا اعلان

0
125

سعودی عرب کی قیادت میں قائم اسلامی فوج کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کا اجلاس ریاض میں ہوا ہے۔

سعودی عرب نے انسدادِ دہشت گردی کے اتحاد کی اس اسلامی فوج کے لیے 10 کروڑ ریال کا فنڈ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے ’عرب نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاض میں ہونے والے اجلاس میں اتحاد میں شامل 42 ممالک کے وفود نے شرکت کی جب کہ سعودی وزیرِ دفاع خالد بن سلمان نے ہفتے کو ہونے والے اجلاس کی صدارت کی۔ وہ وزراء دفاع کی کونسل کے چیئرمین ہیں۔

’عرب نیوز‘ کے مطابق دہشت گردی سے نبرد آزما اہم ممالک ترکیہ، مراکش، لیبیا، افغانستان، مصر، سوڈان اور بنگلہ دیش بھی اس اتحاد کا حصہ ہیں۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے 10 کروڑ ریال (لگ بھگ دو کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر) فوج کے لیے بطور فنڈ دینے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم اسلامی فوج کے سربراہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف ہیں۔ جنرل راحیل شریف نومبر 2016 میں پاکستان کی فوج سے اپنی تین سالہ مدت مکمل کرکے ریٹائرڈ ہوئے تھے جب کہ ان کو 2017 میں اس اتحاد کا ملٹری کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ اب بھی اسی عہدے پر برقرار ہیں۔

خیال رہے کہ جنگوں کے شکار خطے کے ممالک بھی اس اتحاد کا حصہ ہیں جن میں یمن، فلسطین، نائجیریا، مالی، لیبیا، چاڈ سمیت دیگر شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here