شام کے دارالحکومت دمشق میں ہونے والے فضائی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے متعدد اراکین کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
ایران کے سرکاری ریڈیو نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی مہر کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ہونے والے تازہ ترین فضائی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب ( آئی آر جی سی) کے متعدد اراکین ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایرانی نشریاتی ادارے کی عربی سروس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایرانیوں میں دو اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے ان حملوں کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی مہر کی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق آئی آر جی سی کی خفیہ سروس سے تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک اعلیٰ افسر، ان کا ایک نائب اور دو دیگر ایرانی باشندے شامل ہیں۔
شام کی جنگ پر نظر رکھنے والی لندن میں قائم غیر سرکاری تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق دمشق میں مشتبہ اسرائیلی راکٹ حملے میں کم از کم چھ افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
آبزرویٹری نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں آئی آر جی سی کے تین کمانڈر اور ایک شامی شہری شامل ہے۔ اس تنظیم کے مطابق دیگر دو افراد کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے۔ اسرائیلی حملے کا نشانہ شامی دارالحکومت کے وسط میں المزہ کے علاقے کی ایک چار منزلہ رہائشی عمارت تھی، جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔