پاکستانی فورسز نے کوئٹہ میں نیو کاہان کے علاقے میں چھاپہ مار کر گھروں کی تلاشی اور دو بھائیوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پاکستانی فورسز اور سادہ کپڑوں ملبوس اہلکاروں نے اپنی گاڑیاں مقامی لوگوں کے گھروں سے دور کھڑی کرکے گذشتہ رات ایک بجے کے قریب پیدل اس علاقے میں گھس کر کئی گھروں پر چھاپے مارے۔
اطلاعات کے مطابق فورسز نے آدھی رات کی چھاپے کے دوران اسکول کے ایک استاد شیر دل مری اور اس کے بھائی نادر خان مری بلوچ کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے دونوں بھائیوں کو موقع پر ہی تشدد کا نشانہ بنایا، آنکھوں پر پٹی باندھ کر زبردستی رات گئے انہیں اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔
شیر دل مری ان اساتذہ میں سے ایک ہے جنہوں نے نیو کاہان کوئٹہ میں بلوچ بچوں کو رضاکارانہ طور پر تعلیم دی۔
ان کے لواحقین نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ وہ بلوچستان میں ریاستی فورسز کی جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں کو روکنے کے لئے مداخلت کریں۔
خیال رہے کہ اسی اسکول کے ایک اور استاد عبد الرحمٰن ولد حاجی بلوچ خان مری کو 2011 میں پاکستانی فورسز نے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا تھا جن کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔