بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اسلام آباد میں موجود لانگ مارچ مظاہرین کیلئے امدادی رقم بغیر تصدیق کے نہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔
اس سلسلے میں بی وائی سی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ لانگ مارچ کیلئے امدادی رقم صرف منتظمین سے تصدیق کے بعد دی جائے اور جعلی اکائونٹس سے محتاط رہیں۔
بیان میں کہا ہے کہ بلوچ نسل کشی کیخلاف جاری لانگ مارچ کے معاشی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی ٹیم تشکیل دیے ہوئے ہیں، جو بوقتِ ضرورت اندرونِ اور بیرون ممالک میں مقیم بلوچ عوام سے خود رابطہ کریں گے جبکہ آن لائن چندہ کے حوالے سے ہم نے اپنے آفیشل اکائونٹ سے اشتہارات جاری کیے ہوئے ہیں لیکن ریاست نے ان اکائونٹس کو بند کروا دیا ہے۔
لہٰذا تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ لانگ مارچ کے نام پر چندہ دینے سے پہلے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے لانگ مارچ کے منتظمین سے اس کی تصدیق لازمی کروائیں۔
دریں اثنا بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے آرگنائزر آمنہ بلوچ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بلوچ قوم کو مخاطب ہوکر کہا ہے کہ اگر وہ لانگ مارچ میں موجود بلوچ قوم کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو وہ خود بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ کے آفیشل پیج پر دیے گئے معلومات کی صورت میں دیں اور مدد کرنے سے پہلے اس بات کو باور کرائیں کہ آپ جن لوگوں کو اپنے مالی مدد کر رہے ہیں وہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ کے فنانس ٹیم کا حصہ ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں چند افراد بی وائی سی کے نام سے چندہ اکٹھا کر رہے ہیں جو بی وائی سی سے وابستہ نہیں ہیں لہذااحتیاط برتیں اوران جعل سازوں سے ہوشیار رہیں اگربی وائی سی کو اپنے پروگرام کیلئے چندہ چاہیے ہوتا ہے تو وہ برا ہ راست لوگوں سے رابطہ کرے گااور انہیں فون یا پیغام بھیجے گا۔