بلوچستان وسندھ میں گیس کی قیمت اوگرا کی تجویز سے زیادہ بڑھانے پر صنعت کاروں نے احتجاج کرتے ہوئے صنعتیں بند کردیں۔
گیس کی قیمت پر کراچی کے صنعت کاروں کا 7 نومبر سے جاری احتجاج پریس کانفرنسوں کے بعد ایک روزہ ہڑتال کی صورت اختیار کرگیا۔
اوگرا کی تجویز سے زیادہ گیس کی قیمت بڑھانے پر کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے 11 صنعتی زون میں آج ہڑتال کی گئی، دونوں صوبوں کے 11 صنعتی زون کی اکثر صنعتیں آج بند رہیں۔
صنعت کاروں کا کہنا ہےکہ گیس نرخ میں اضافےکے بعد فیکٹریاں نہیں چلاسکتے،لائن لاسز اور سرکلر ڈیٹ کے پیسے بھی ہم سے لیے جا رہے ہیں، ہڑتال ختم کرانےکے لیے وفاقی سیکرٹریز اور وہ لوگ رابطے کر رہے ہیں جن کے پاس فیصلےکا اختیار ہی نہیں۔
صنعت کار رہنماؤں کا کہنا ہےکہ حکومت نے قیمتیں کم نہ کیں تو ہڑتال کا دورانیہ ایک ہفتے کے لیے بڑھا سکتے ہیں، اوگرا کی تجویز کردہ 1350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس فراہم کی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجٹ میں رقم مختص کیے بغیر سبسڈی دینے سے انکار کیا تو حکومت نے کراس سبسڈی کے لیے صنعت کو نشانہ بنایا ہے۔