بلوچستان میں میڈیا کے 2 درجن سے زائد افراد کورونا کا شکارہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دو درجن سے زائد صحافی اور میڈیا ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں جبکہ 72 ڈاکٹرز اور 40 پیرامیڈکس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں ہسپتالوں اور ان کے گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

صحت حکام نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں 82 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعدا 2 ہزار 17 ہوگئی تھی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے کہا کہ کورونا وائرس کے 2 مریضوں کے انتقال کے بعد بلوچستان میں اموات کی مجموعی تعداد 24 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 86 فیصد افراد مقامی سطح پر کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ ان افراد نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا۔

وائرس سے متاثر ہونے والے میڈیا سے وابستہ افراد میں سینئر صحافی، بیورو چیفس، نجی ٹی وی چینلز کے کیمرامین اور میڈیا دفاتر کے مختلف حصوں میں فرائض انجام دینے والے ورکرز شامل ہیں۔

صحت حکام نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب میں 50 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 27 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

عملے کے کچھ ارکان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 2 نجی چینلز کے بیورو دفاتر کو سیل بھی کردیا گیا۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سینئر صحافیوں میں ہم ٹی وی کے بیورو چیف اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس( بی یو جے) کے صدر ایوب ترین، دنیا ٹی وی کے بیورو چیف عرفان سعید، ایک خاتون رپورٹر اور دنیا ٹی وی کے عملے کے دیگر افراد شامل ہیں۔

علاوہ ازیں جیو ٹی وی کے ایک سینئر رپورٹر اور انجینئر کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ نیو ٹی وی اور جی این این کے رپورٹرز، ڈرائیورز اور عملے کے دیگر افراد کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد آئسولیشن سینٹرز منتقل کردیا گیا۔

محکمہ صحت کے کچھ عہدیداروں کے مطابق میڈیا سے وابستہ کچھ افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment