کراچی سے سندھ پولیس اور پاکستانی خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکارعبدالحمیدزہری ڈھائی سال بعد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ۔
اس بات کی تصدیق حمید زہری کی صاحبزادی سعیدہ حمید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں کی ہے ۔
بلوچستان کے زہری خضدار کے رہائشی عبدالحمید زہری 10 اپریل 2021 کو کراچی سے جبری گمشدگی کا شکار ہوئےتھے۔
عبدالحمید کے لواحقین کے مطابق انہیں خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سندھ پولیس کے ہمراہ گلستان جوہر کراچی میں واقعہ انکے گھر سے شناخت کے بعد گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔
لاپتہ عبدالحمید کے اہلخانہ کی جانب سےان کی بازیابی کیلئے متعدداحتجاجی مظاہرے، پریس کانفرنس ، بھوک ہڑتال و دیگر احتجاجی ذرائع استعمال کئے اورسندھ ہائی کورٹ میں بھی پٹیشن دائر کیا ہوا تھا۔
انسانی حقوق کے انٹریشنل ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی حمید زہری کی بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔
رواں سال اگست میں حمید زہری کی گمشدگی کو دوسال مکمل ہونے پر کراچی میں ایک احتجاجی ریلی میں عبدالحمید زہری کی بیٹی سعیدہ حمید کا کہناتھا کہ دو سال کا عرصہ بیت گیا اس انتظار میں کے ہمارے والد واپس آئینگے لیکن اس طویل انتظار کے باوجود ہمیں نہیں معلوم ہمارے والد کہاں اور کس جرم میں لاپتہ کردئے گئے ہیں آئے روز احتجاج اور عدالتوں کے چکر لگانے کے باوجود انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال کا طویل انتظار ازیت ناک رہا ہے ہم نہیں جانتے ہمارے والد کس حال میں ہے وہ ایک پرامن شہر تھے ریاست اور اسکے عدالتوں سے میرا سوال ہے کے میرے والد کو کب رہا کیا جائے گا۔
سعیدہ حمید نے بتایا کہ دو سال قبل میرے والد عبدالحمید زہری کو کراچی سے ہمارے آنکھوں کے سامنے سندھ پولیس کی معاونت سے جبری لاپتہ کیا گیا والد کی جبری گمشدگی کے باعث ہماری پوری زندگی متاثر ہوچکی ہے جب لاپتہ افراد کے لواحقین احتجاج کرتے ہیں تب اغواء کار پولیس رکاوٹ بنتی ہے۔