پاکستان : ضلع کرم میں مسلح گروہوں میں کشیدگی ، 7 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخو کے علاقے اورافغانستان سے ملحق ضلع کرم میں 2 مذہبی گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں مزید 7 افرادہلاک ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں فرقوں کے درمیان شروع ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 15 لوگوں کی موت واقع ہوچکی ہے۔

ویڈیو میں موجود متنازع مواد کی دونوں فریقین کی جانب سے سخت مذمت کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود علاقے میں پُرتشدد فسادات پھوٹ پڑے۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز بوشارہ کے علاقے میں 2 مسلح گروہوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 5 لوگ مارے گئے جبکہ 2 دیگر افراد خار کلے اور بلیچ خیل کے علاقوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

حکام نے بتایا کہ 4 روز سے جاری مسلح تصادم میں 23 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ روز ہونے والی جھڑپوں میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

موبائل نیٹ ورکس بدستور معطل ہیں اور ضلع کے اندر اور باہر کے تمام راستے ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

حکام نے بتایا کہ مقامی لوگ کا کہیں آنا جانا ممکن نہیں رہا اور ملک کے دوسرے علاقوں سے یہاں آنے والے لوگ علاقے سے باہر نہیں نکل پارہے۔

Share This Article
Leave a Comment