کراچی کے علاقے لیاری کی بہار کالونی میں دستی بم حملے میں ایک خاتون ہلاک اور دیگر 6 راہگیر زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے کئی ماہ سے بند ایک دکان کے باہر ہینڈ گرینیڈ پھینکا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے اور بظاہر یہ بلاوجہ ہونے والا واقعہ ہے۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم 35 سالہ رضیہ محمد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد راہگیر تھے اور انہیں ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی شناخت ذوہیب جاوید، خیراللہ، وانش دلیپ کمار، عتیق آدم، عادل آدم اور احسان نبی کے نام سے ہوئی ہے۔