بلوچستان کے علاقے کوئٹہ،پنجگور اورپسنی میں فائرنگ اورروڈ حادثات میں 6 افراد ہلاک ، خواتین سمی4 7 افراد زخمی ہوگئے۔
دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے سملی میں 3 گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
گزشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقے سملی چڑھائی کے قریب تیز رفتار 3 گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے 2 سگے بھائیوں سید محمد نبی، سید دوست محمد، سید محمد اقبال سمیت ایک نامعلوم شخص موقع پر ہلاک ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کسی تقریب میں شرکت کرکے واپس جارہے تھے۔
دوسری جانب پنجگور میں تین مختلف واقعات میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ، خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پنجگور کے علاقے تارآفس اے ایریا میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے لطیف ولد دوست محمد کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر مسماۃ زر بنت زمان زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول لطیف اور مسماۃ زر کو گھر سے نکلتے ہی فائرنگ کرکے نشانہ بنایا گیا ۔
اے ایریا وشبود میں مسلح افراد نے چینگچی رکشہ کو روک اس میں سوار دو افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔
بی ایریا میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ملک محمد نامی شخص زخمی ہوگیا جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
علاوہ ازیں پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے پر کار الٹنے سے ایک شخص ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
جبکہ حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔