جنوبی افریقہ : جوہانسبرگ میں آتشزدگی سے 73 افراد ہلاک

0
90

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے وسطی علاقے میں ایک عمارت میں رات گئے آتشزدگی کے باعث کم سے کم 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 52 زخمی ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس عمارت میں زیادہ تر تارکینِ وطن مقیم تھے۔

حکام کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے اس پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کیا تھی۔

جوہانسبرگ میں ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولاڈزی نے مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن نیوزروم افریقہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پانچ منزلہ عمارت کو کچھ عرصہ قبل خالی چھوڑ دیا گیا تھا تاہم یہاں بے گھر افراد موسمِ سرما کے دوران آباد ہو گئے تھے۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’یہ ایک بوسیدہ عمارت تھی اور آگ بھجانے والا عملہ ہر منزل پر جا کر ملبہ صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وہ اس حادثے پر کہتے ہیں کہ ’میں نے اپنی 22 سال کی سروس میں آج تک کچھ ایسا نہیں دیکھا۔‘

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کیونکہ یہ باقاعدہ رہائشی عمارت نہیں ہے جس کی لیز ہو اس لیے اس عمارت کی باقاعدہ طور پر دیکھ بھال نہیں کی جا رہی تھی اور یہاں ملبے اور عارضی طور پر کی گئی تعمیرات کے باعث لوگوں کو ڈھونڈنا اور انھیں ریسکیو کرنا مشکل ہو جائے گا۔

اس حوالے سے جنوبی افریقہ کے مقامی میڈیا میں یہ خبر بھی رپورٹ کی جا رہی ہے کہ بری طرح جھلسنے کے باعث اکثر لاشوں کی شناخت مشکل ہو سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here