بلوچستان میں کورونا کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ صحت کے8 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
معطل اہلکاروں کا تعلق کوئٹہ شہر کے دو بڑے ہسپتالوں بولان میڈیکل کمپلیکس اور سنڈیمن پروونشل ہسپتال سے ہے۔
ڈائریکٹر جنرل صحت حکومت بلوچستان ڈاکٹر سلیم آبرو کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں نےکووڈ 19 کے دوران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعین زمہ داریاں نبھانے سے انکار کیا تھا۔
ڈی جی صحت نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں غیر معمولی حالات ہیں طبی عملہ فرائض سے غفلت کا مرتکب ہوگا تو عوام کہاں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر حفاظتی سامان کی فراہمی کے باوجود طبی عملے کی فرائض سے غفلت المیے سے کم نہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1218 ہو گئی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق مزید 46 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن میں سے 44 افراد کا تعلق کوئٹہ آور 2 کا تعلق پشین سے ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق کورونا سے متاثرہ مقامی افراد کی تعداد 1067 ہوگئی ہے۔