بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اور خاران سے پاکستانی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ کئے گئے فیاض علی اور حفیظ اللہ لوراجہ بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
حفیظ اللہ لوراجہ کوخاران کے علاقے کلان میں 14 اگست کی رات 2 بجے انٹیلی جنس اور فورسز نےگھر میں گھس کر حراست میں لیکر لاپتہ کیا تھا۔
حفیظ اللہ لوراجہ خاران کے مشہور و معروف تاجر حاجی جمعہ کے بھائی ہیں۔
اہلخانہ نے حفیظ اللہ کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے۔
حفیظ اللہ کی بازیابی کیلئے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے روڈ بلاک احتجاج بھی کیا تھا۔
دوسری جانب کوئٹہ سے 10 اگست کی رات فورسز ہاتھوں گھر میں گھس کر لاپتہ ہونے والے فیاض علی بھی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
اس سلسلے میں فیاض علی کی اہلیہ نرگس بلوچ نے مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ فیاض علی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
نرگس بلوچ نے لکھا کہ الحمدللہ فیاض بازیاب ہو کر صحیح سلامت گھر واپس آ گیا ہے۔اللہ تیرا شکر،آپ تمام لوگوں کا بے حد شکریہ جنہوں نے ہر بار ہر مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔
واضع رہے کہ فیاض علی گزشتہ اگست 2021 میں نو ماہ لاپتہ رہنے کےبعد بازیاب ہو گئے تھے، انھیں 10 اگست 2023 کی رات تین بجے ایک بار پھر مسلح افراد نےگھر میں گھس کر عورتوں کو زدکوب کرتے ہوئے لاپتہ کر دیا تھا۔