داغستان میں گیس اسٹیشن پر دھماکے میں 35 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

روسی حکام نے منگل کے روز بتایا ہے کہ روس کی جنوبی جمہوریہ داغستان میں ایک گیس سٹیشن پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

روس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ میں 115 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے 35 افراد ہلاک ہوگئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

وزارت نے بتایا کہ 65 زخمی جن میں 16 بچے بھی شامل ہیں، منگل کی دوپہر تک اسپتال میں داخل تھے۔ دو بچوں سمیت 11 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

دھماکا پیر کی رات علاقے کے صدر مقام ماخچکالا کے مضافات میں ہوا۔ آگ کا آغاز موٹر گاڑیوں کی ایک ورکشاپ سے ہو جو اور قریب واقع پیٹرول پمپ تک پھیل گئی، جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔

داغستان کے حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو دس لاکھ روبل یعنی تقریباً دس ہزار ڈالر اور زخمیوں کو دو لاکھ سے چار لاکھ روبل یعنی کوئی دو ہزار ڈالر سے چار ہزار ڈالر تک دیے جائیں گے۔

روس کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے کچھ کو علاج کے لیے ہوائی جہاز سے ماسکو لے جایا جائے گا۔ ماخچکالا ماسکو کے جنوب میں تقریباً 1600کلومیٹر یعنی 990 میل کے فاصلے پر ہے۔

حکام نے دھماکے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ داغستان میں منگل کو یوم سوگ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment