بلوچستان کے علاقے ضلع ژوب میں چھاؤنی پر مسلح افراد کے حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
عسکری حکام کے مطابق ایک چھاؤنی پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب مسلح افراد کے حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار ہلاک جبکہ پانچ حملہ آور بھی مارے گئے، جس کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
کمشنر ژوب ڈویژن سعید عمرانی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ راکٹ حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار اور 4 عام شہری زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے پنجاب سے آنے والی کوچ کے زد میں آنے سے فائرنگ سے ایک خاتون سمیت کوچ میں سوار 3 افراد ہلاک ہو گئے ۔
زخمی ایف سی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ژوب جبکہ کوچ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری تحریک جہاد پاکستان نامی ایک تنظیم نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
تحریک جہاد پاکستان کا نام اس وقت سامنے آیا جب اس تنظیم نے رواں سال مارچ میں سبی کے قریب پولیس کی گاڑی پر حملے کی ذمہ داری قبول کی بعد میں قلعہ سیف اللہ چھاؤنی پر حملے کی ذمہ داری بھی اسی تنظیم نے قبول کی تھی۔