بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی اور قلعہ عبداللہ میں پاکستانی فورسزپردو مختلف حملوں میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب ، دالبندین سے ایک تشدد زدہ لاش برآمد ہوگئی ہے ۔
ڈیرہ بگٹی میں حملہ سوئی کے علاقے رئیس توخ کے مقام پر ایف سی پرہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز مذکورہ علاقے میں آپریشن میں مصروف تھے کہ مسلح افراد ان پر حملہ آور ہوئے۔
حملے میں ایک اہلکار کے ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق حکام نے کردی ہے۔
حکام کے مطابق حملے میں ناصر خان نامی سپاہی ہلاک جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے ہیں۔
تاہم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب قلعہ عبداللہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار وں نے لیویز چوکی جنگل پیرعلیزی پر دستی بم سے حملہ کیا۔
حملے کے نتیجے میں کسی قسم کی نقصانات کی اطلاعات نہیں۔
یاد رہے کہ چند ہفتے پہلے بھی تھانہ پر اس طرح کا حملہ ہوا تھا۔مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
دریں اثنا دالبندین نوکچاہ کے قریب ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دالبندین نوکچاہ کے قریب سے ایک لاش ملی ہے جس پر تشدد کے نشانات ہیں، نعش کو شناخت کیلئے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نعش کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر زیادہ تشدد ہونے کی وجہ سے شناخت نہیں ہو رہی ہے۔