پاکستان کے علاقے نوابشاہ اور شانگلہ میںدو مختلف ٹریفک حادثات میں 11افراد ہلاک جبکہ 47 افراد زخمی ہو گئے۔
نوابشاہ کے قریب دو مسافر بردار بسوں کی ٹکرکے نتیجے میں 8 مسافر ہلاک اور 39 افراد زخمی ہو گئے۔
تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے واقعے میں زخمی افراد کو تعلقہ اسپتال دوڑ اور پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب کوئٹہ سے ملتان جانے والی مسافر بردار کوچ میں اچانک سے آگ بھڑک اٹھی۔
لیویز حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مسافر کوچ میں آتشزدگی کے بعد مسافروں کو بر وقت اتار لیا گیا تھا۔
لیویز کے مطابق آگ لگنے سے کوچ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ہے، تاہم مسافر بردار کوچ میں آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ڈرائیور سے بے قابو ہو جانے کے بعد بدقسمت جیپ کھائی میں گرگئی، حادثے میں 3 افرادہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جیپ بلکوٹ کے قریب جیپ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، حادثے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بدقسمت جیپ میں سوار افراد شانگلہ کے گاؤں جٹکول سے گھر واپس جا رہے تھے جب بلکوٹ کے قریب اسے حادثہ پیش آ گیا۔