بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں دو پک اپس کے آپس میں ٹکرانے کے بعد آگ لگنے سے 6 افراد جھلس کر ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ زیادہ تر متاثرین کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ غالباً آگے یورپ جانے کے لیے پاکستان سے ایران جا رہے تھے۔
جھلسنے والی 6 میں سے پانچ لاشیں مکمل طور پر جل چکی تھیں اور ناقابل شناخت تھیں تاہم ایک لاش کی شناخت تہزیب برہان زئی کے نام سے ہوئی ہے۔
تفتان شہر کے اسسٹنٹ کمشنر ساگر کمار نے کہا کہ حادثہ سیمی لانڈھی کے علاقے میں پیش آیا، ’دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 6 افراد جھلس کر ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔‘
لیویز اہلکاروں نے علاقہ مکینوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور زخمیوں کو نوکنڈی کے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ ’ہمیں دیہی مرکز صحت میں 6 جھلسی ہوئی لاشیں اور 14 زخمی ملے ہیں، ان زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
جھلسنے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔