پاکستان کے قومی اسمبلی میں توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظور

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جہاں رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظوری کے لیے پیش کیا۔

بل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ بل بہت اہم قانون سازی ہے جس کے لیے میں رانا قاسم نون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس کی کافی عرصے سے ضرورت تھی، سرکاری افسران تو ارکان کے فون بھی نہیں سنتے، اس ایوان کی توقیر برقرار رہنی چاہیے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط رانا قاسم نون نے کہا کہ توہین پارلیمان کا بل بہت اہم ہے، آئندہ کسی نے اس ہاؤس کی توہین کی تو وہ سزا کا مرتکب ہوگا، ہم 4 سال سے اس بل پر کام کر رہے تھے، قائمہ کمیٹی کے اراکین اور دیگر ہاؤس کے اراکین نے بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج جو تحقیر مجلس شوریٰ بل منظور ہوا ہے، یہ پارلیمان کی رٹ بڑھائے گا، آج کے بعد پارلیمان کی عزت کرنا ہوگی، اس ایوان کے اندر اور باہر ارکان اور ایوان کی توہین کی جاتی رہی، اللہ کے ناموں کے نیچے کھڑے ہوکر اس ایوان میں توہین کی گئی۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بل کی یکے بعد دیگرے تمام شقوں کی ایوان سے منظوری حاصل کی، بل میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے ترمیم پیش کی جسے بل میں شامل کر لیا گیا، بعد ازاں قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دے دی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment