اقوام متحدہ کے مطابق بھارت اس سال چین کی آبادی کو تین ملین پیچھے چھوڑ دے گا۔ اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ کی آبادی 340 ملین ہو گی اور وہ تیسرے نمبر پر رہے گا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت جلد ہی دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔ اس سال کے وسط تک اس کی آبادی چین کے مقابلے تین ملین سے زیادہ ہو جائے گی۔
اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (یو این پی ایف اے) کی سالانہ "اسٹیٹ آف دی ورلڈ پاپولیشن رپورٹ2023 کے اعداد وشمار کے مطابق بھارت کی آبادی 1428.6 ملین یعنی ایک ارب بیالیس کروڑ چھیاسی لاکھ ہو جائے گی جب کہ چین کی آبادی 14257ملین ہو گی۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گوکہ امریکہ تیسرے نمبر پر ہے لیکن اس کی آبادی بھارت اور چین کے مقابلے کافی کم یعنی لگ بھگ 340 ملین ہو گی۔ یہ اعداد و شمار فروری 2023 تک کی معلومات پر مبنی ہیں۔
آبادی کے امور کے ماہرین نے اقوام متحدہ کے سابق اعداو شمار کا استعمال کرتے ہوئے اندازہ لگایا ہے کہ بھارت اس ماہ چین کو آبادی کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ دے گا۔ تاہم عالمی ادارے کی تازہ ترین رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ تبدیلی کس تاریخ کو آئے گی۔