سوڈان میں2 جرنیلوں کی لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 185تک پہنچ گئی ہے ۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دیگر شہروں میں ملک کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان تیسرے روز بھی جھڑپیں جاری ہیں جب کہ خرطوم میں یورپی یونین کے سفیر پر تشدد کی بھی اطلاعات ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ایلچی وولکر پرتھیس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ لڑائی میں اب تک 185افراد ہلاک جب کہ 1800 زخمی ہوچکے ہیں۔
امریکی وزیرِخارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ انہوں نے سوڈان کی فوج کے کمانڈر جنرل عبدالفتح البرہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر جنرل محمد حمدان دقلو سے بات کی ہے اور جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی بہت سے شہری مارے جاچکے ہیں۔
اینٹی بلنکن نے سفارتی اہلکاروں اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔
ادھر یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بورال نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ سوڈان کے لیے یورپی یونین کے سفیر کو ان کے گھر میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔