کورونا وائرس کی ممکنہ دوا کے انسانوں پر پہلے تجربے کے ناکام ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریمڈیزور کے نام سے جانے جانی والی انٹی وائرل دوا کے بارے میں عام خیال یہ تھا کہ کووڈ 19 کا علاج کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت کے جانب سے حادثاتی طور پر شائع کردہ ایک دستاویز کے مطابق چین میں کیے جانے والے تجربے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ یہ ناکام ہو گیا ہے۔
اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اس دوائی نے مریضوں کی صحت میں کوئی بہتری نہیں کی اور نہ ہی خون میں موجود وائرس کی تعداد کو کم کیا ہے۔
تاہم اس دوا کو تیار کرنے والی کمپنی نے کہا ہے کہ اس دستاویز نے ان کی تحقیق کو غلط انداز میں جانچا ہے۔
تاہم عالمی ادارہ صحت کی جانب سے شائع کردہ دستاویز کے مطابق سائنسدانوں نے اس کے تجربے کےدوران 237 مریضوں کا معائنہ کیا جن میں سے 158 پر اس دوا کا تجربہ کیا گیا جبکہ 79 کو کوئی اور دوا دی گئی۔
اور ایک ماہ کے تجزیہ کے بعد جو مریض یہ دوا لے رہے تھے ان میں سے 13.9 فیصد ہلاک ہو گئے جبکہ اس کے مقابلے میں دیگر دوا لینے والوں میں ہلاکت کی شرح 12.8 فیصد تھی۔