امریکہ کے اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ حال ہی میں انتہائی خفیہ دستاویز کی لیک کے معاملے میں وفاقی اہلکاروں نے امریکی نیشنل گارڈ کے ایک اہلکار کو گرفتار کیا ہے۔
تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ گرفتار سکیورٹی اہل کار انٹیلی جنس معاملات میں مہارت رکھتا ہے اور اس نے آن لائن چیٹ گروپس میں دستاویزات پوسٹ کی تھیں۔
اٹارنی جنرل نے گرفتار کیے جانے والے شخص کی شناخت جیک ڈگلس ٹیکشیرا کے نام سے کی ہے اور کہا ہے کہ ملزم پر قومی دفاع سے متعلق خفیہ معلومات کو غیر قانونی طور پر اٹھانے کا الزام عائد کیا جائے گا۔ ٹیکشئر ایئر فورس نیشنل گارڈ کے ملازم ہیں۔
تازہ ترین لیکس میں یوکرین کی جنگ اور قومی سلامتی کے دیگر اہم معاملات سے متعلق انتہائی کلاسیفائیڈ معلومات افشا ہوئی ہیں اور ان لیکس کی وجہ اپنے حساس قومی رازوں کے تحفظ کی اہلیت پر سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
گارڈزمین، 21 سالہ آئی ٹی سپیشلسٹ جیک ٹیکشیرا کو ایف بی آئی کے ایجنٹس نے ان کے گھر سے حراست میں لیا اور اس موقع پر کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نہیں آیا۔
اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے بتایا ہے کہ جیک ٹیکشیرا پر جاسوسی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔