بلوچستان کے کچلاک کے علاقے کلی اسپن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیاہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد کے حملے میں کانسٹیبل عبدالجبار اور کانسٹیبل جلات خان ہلاک ہوگئے ۔
دوسری جانب ڈھاڈر اور میزئی اڈہ سے دو افراد لاپتہ کردیئے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈھاڈر کے نواحی گائوں براہم باران ظفر پیٹرول پمپ کے قریب لیویز کچھی کا ملازم رسالدار نصراللہ کھوسہ بالا ناڑی ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔
خاندانی ذرائع اغواءکا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔
گزشتہ شب لیویز کچھی کا ملازم نصراللہ کھوسہ اپنے گھر براہم باران سے موٹر سائیکل پر بالاناڑی ڈیوٹی کیلئے جاتے ہوئے ظفر پٹرول پمپ کے قریب پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا جبکہ جائے وقوعہ پر لاپتہ نصراللہ کی موٹر سائیکل پولیس کو ملی ہے جبکہ لاپتہ رسالدار نصراللہ کی خاندانی ذرائع کے مطابق ان کو مبینہ طور پر اغواءکیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق لاپتہ کے خاندان والے ایف آئی آر درج کرنے سے کترارہے ہیں جبکہ ڈھاڈر پولیس نے ایس ایچ او ڈھاڈر شوکت علی کی مدعیت میں پولیس تھانہ ڈھاڈر میں اغواءکا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے ۔
اسی طرح قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں ایک شخص کو اغوا ہوگیا ہے۔
مغوی کی شناخت ڈاکٹر سید عبدالہادی کے نام سے ہوگئی ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سید عبدالہادی کو کلی مالیزی سیدان سے افطاری کے وقت ان کی پرائیوٹ کلینک سے اغوا کیا گیاہے۔