بلوچستان کے علاقے خاران اور سبی میں فائرنگ و روڈ حادثے کے دوواقعات میں 2بچوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ خواتین و بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے ۔
خاران کے علاقے مشرقی بائی پاس کُلان میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گُھس کر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل جبکہ خاتون کو زخمی کردیا ۔
ذرائع کے مطابق سحری کے وقت خاران شہر لتاڑ روڑ بائی پاس کُلان کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ظفر ولد صالی کے گھر کے اندر گُھس کر اندھا دُن فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں خاران کے رہائشی ماسٹر احمد دُرکزئی نامی شخص موقع پر ہلاک جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔
لاش اور زخمی خاتون کو ابتدائی علاج اور ضروری کاروائی کیلئے سول ہسپتال خاران منتقل کردیاگیا ۔
فائرنگ کے بعد نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب سبی میں تیز رفتار ی کے باعث ٹرک الٹنے سے2بچےہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 17افراد زخمی ہو گئے ۔
لیویز فورس کے مطابق سبی کے علا قے بائی پاس لمجی کے مقام پر کوئٹہ جانے والا خانہ بدوشوں کا ٹرک تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار 2 بچے ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 17افراد زخمی ہو گئے ۔
لیویز فورس نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیا مزید کارروائی جا ری ہے ۔