ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندور میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر ایک مندر میں کنویں کی چھت گر جانے سے ایک بڑا حادثہ ہوا جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق شری بالیشور مہادیو جھولے لال مندر میں ایک کنویں پر چھت بنی ہوئی تھی جو عقیدت مندوں کے بوجھ سے دب کر ٹوٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں 30 سے زائد لوگ 40 فٹ گہرے کنویں میں گر گئے، جس میں چار پانچ فٹ تک پانی موجود تھا۔
ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 19 کو بچا لیا گیا ہے۔ بچ جانے والوں میں سے بعد میں مزید دو افراد ہلاک ہو گئے۔
عینی شاہدوں کے مطابق حادثے کے وقت دو درجن سے زائد افراد کنویں کی چھت پر موجود تھے۔ کنواں مندر کے احاطے میں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے اوپر ہی مندر بنا ہوا ہے۔ حادثے کے وقت وہاں پوجا ہو رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق چھت گرنے کے بعد کنویں میں پھنسے کئی افراد اس کے برابر میں موجود سیڑھیوں پر چڑھ گئے تھے۔ ان میں کچھ بچے بھی شامل تھے۔ امدادی عملہ نے کنویں کے اندر سیڑھیاں ڈال کر اور لوگوں کو رسیوں سے باندھ کر نکالا۔