یوکرین پر روس کا حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، گوتریس

0
190
فوٹو : اے ایف پی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے یوکرین پر روس کے حملے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

روس یوکرین جنگ کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ گوتریس یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کے لیے بدھ کے روز کیف پہنچے تھے۔

ان کے اس دورے کا مقصد جنگ سے تباہ حال ملک یوکرین سے اناج کی ترسیل کے معاہدے میں توسیع اور زپورژیا نیوکلیر پاور پلانٹ کے تحفظ کو یقینی بنا نا ہے۔

گوتریس نے صدر زیلنسکی سے بات چیت کرنے سے پہلے کہا کہ ’’ یوکرین کی خود مختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی یک جہتی کواس کی بین الاقوامی تسلیم شدہ حدود میں بہر صورت قائم رہنا چاہئے ۔ہمارا حتمی مقصد بالکل واضح ہے اور وہ اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر جنرل اسمبلی کی حالیہ قرارداد پر مبنی امن کا حصول ہے۔ ‘‘

گوتریس کا کہنا تھا کہ ’’اقوام متحدہ اس جنگ کے اثرات کی شدت کم کرنے کے لیے کوشاں ہے جن کے نتیجے میں یوکرینی عوام کو بڑے مسائل کا سامنا ہے اور عالمی سطح پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوئے ہیں۔‘‘

گوتریس نے روس کی رضامندی کے ساتھ بحیرہ اسود کے راستے یوکرین سے اناج کی ترسیل کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی سے اب تک یوکرین کے مختلف حصوں سے دو کروڑ 30 لاکھ ٹن اناج برآمد کیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ مقدار غریب ملکوں کو بھیجی گئی ہے۔ تاہم نئے سمجھوتے کے بغیر موجودہ معاہدہ 18مارچ کو ختم ہو رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here