بلوچستان ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلہ کان میں پھنسے کانکنوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا ہے ،مزید پانچ کانکنوں کی لاشیں نکالنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6ہوگئی ہے ۔
گزشتہ روز ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں مقامی کوئلہ کان میں گیس بھرنے کے باعث دھماکے کے بعد پھنس جانے والے کانکنوں کو بچانے کے لئے ریسکیو آپریشن جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔
آپریشن کے مکمل ہونے پر کان میں پھنسے ہوئے مزید 5کانکنوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا جس کے بعد واقعہ میں ہلاک ہونے والے کانکنوں کی تعداد 6ہوگئی۔
محکمہ مائنز کے حکام کے مطابق مذکورہ کوئلہ کان کوقوانین کی خلاف ورزی پر 2سال قبل بھی بند کیا گیا تھا اور ماضی قریب میں کان میں دوبارہ کام شروع کیا گیا ۔
حکام کے مطابق مائن کو بند کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والے کانکنوں کی لاش کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ۔