اوستہ محمد میں بارکھان واقعہ کیخلاف احتجاجی ومظاہرہ ریلی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے بارکھان واقعہ کیخلاف اوستہ محمد میں احتجاجی ریلی ومظاہرہ کیا گیا۔

ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے افراد سمیت سیاسی سماجی کارکنوں بی این پی مینگل،نیشنل پارٹی،جمعیت علما اسلام،پیپلز پارٹی،کے سیکڑوں کارکن شریک ہوئے۔

ریلی رند ہائوس سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں مقررین نے سانحہ بارکھان کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقع قرار دیا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میر محمد یوسف خان رند اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما میر اسلم خان عمرانی نے کہا کہ ایک نام نہاد سردار نے بلوچوں کی شاندار روایات کو اپنے تکبر تلے کچل دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کا بہیمانہ قتل اور نجی جیل میں قید خواتین اور بچوں پر انسانیت سوز تشدد انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ طور پر جرم میں ملوث نام نہاد سردار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے انہیں بلوچستان کی کابینہ سے بر طرف کر کے گرفتار کیا جائے تاہم انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ ملزم کو تحفظ دیا جا رہا ہے، ایف آئی آر میں ملزم کی بجائے نا معلوم کا اندراج مقتولین کو انصاف کا راستہ روکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سرداروں کے ظلم و جبر کا شکار بے بس اور مظلوم افراد کو تحفظ دینے کے لئے سماجی اور سیاسی کارکنوں کا ایک پیج پر اکھٹا ہونا خوش آئند ہے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرم تنظیموں کو غیر انسانی رویوں کی روک تھام کے لئے یکجا ہو کر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment