بلوچستان کے علاقے کوئٹہ اورجھل مگسی میں دو مختلف واقعات میں ایک باپ3 بیٹوں سمیت 6افراد ہلاک ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈکے ایک گھر میں کمرے میں گیس سے دم گھٹنے سے باپ اور 3 بیٹے ہلاک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک افراد میں امان اللہ ولد تاج محمدعمر50 سال ازبک،حفیظ اللہ ولد امان اللہ عمر26 سال،مجیب اللہ ولد امان اللہ عمر22 سال،قاری حبیب اللہ ولد امان اللہ عمر30 سال سکنہ کلی کمالو شامل ہیں جنیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب جھل مگسی میں رہزنی کی واردات میں لیویز اہلکاراورایک ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق لیویز تھانہ باریجہ کے علاقے میں نامعلوم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے لیویز سپاہی ہلاک ہوگیاجبکہ جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جھل مگسی میں لیویز تھانہ باریجہ کی حدودگڑھ شریف روڈ پر نامعلوم مسلح ڈاکووں نے لیویز اہلکار علی حسن سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔
مزاحمت پرڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے سپاہی علی حسن ہلاک جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو غلام عمر ہلاک ہوگیا۔
لیویز نے لاشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچادیں اورمزید کارروائی شروع کردی۔