جارجیا میں ایک سابق فوجی اہلکار نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 5افراد کوہلا ک کردیااور خودبھی خودکشی کرلی۔
جارجیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ساگاریجو قصبے میں ایک سابق فوجی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پانچ افراد کو ہلاک کر دیا۔
انہوں ے کہا کہ افغانستان میں فوجی خدمات دینے والے اس سابق فوجی نے خود کو بھی گولی مار لی۔
جارجیا کے وزیر داخلہ وختانگ گومیلوری نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ملکی دارالحکومت تبلسی سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ساگاریجو قصبے میں گزشتہ رات کو پیش آیا۔ اس قصبے کی آبادی تقریباً 10000افراد پر مشتمل ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بندوق بردار نے ایک اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھڑے ہو کر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ میں عمارت کے احاطے میں موجود چار افراد ہلاک ہوگئے جب کہ اس حادثے کی اطلاع پر وہاں پہنچنے والا ایک پولیس افسر بھی بندوق بردار کی گولیوں کی نشانہ بن گیا۔
اس واقعے میں پانچ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ جب پولیس کی نفری جائے واقعہ پر پہنچی تو بندوق بردار نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کرلیا۔
وزیر داخلہ وختانگ گومیلوری نے مقامی میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ بندوق بردار ایک سابق فوجی تھا۔ اس نے سن 2006 سے سن 2021 کے درمیان فوجی خدمات انجام دی تھیں اور وہ طالبان کے خلاف جنگ کے دوران افغانستان میں بھی تعینات رہا تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق اس شخص کی پیدائش سن 1974میں ہوئی تھی۔
جارجیا کی ون ٹی وی کے مطابق گومیلوری نے بتایا کہ پولیس کو حملہ آورکی لاش خون میں لت پت ملی اور اس کے پاس ایک ہتھیار بھی پڑا ہوا تھا۔ اس کے سر میں زخم تھے۔
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا، ”جب اضافی پولیس ٹیمیں اور وزارت داخلہ کی ایک اسپیشل یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچی تو ملزم نے مبینہ طور پر اپنے ہتھیار سے خودکشی کرلی۔”