کانگو میں اجتماعی قبروں سے 49 لاشیں برآمدہوئیں، اقوام متحدہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اقوام متحدہ نے بتایا کہ کانگو میں اجتماعی قبروں سے کم از کم 49 لاشیں ملی ہیں۔ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا ان اجتماعی قبروں کا تعلق مقامی مسلح ملیشیا گروپ کے ذریعہ شہریوں پر ہونے والے حالیہ حملوں سے تو نہیں۔

اقوام متحدہ نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ اجتماعی قبریں شورش زدہ صوبے اتوری سے ملی ہیں، جہاں دسمبر کے بعد سے ہی تشدد بھڑک رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ عوامی جمہوریہ کانگو میں اجتماعی قبروں سے کم از کم 49 لاشیں ملی ہیں۔ یہ لاشیں یوگنڈا کی سرحد کے قریب واقع اتوری صوبے کے دو دیہاتوں میں قبروں میں پڑی ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ اواخر ہفتہ کو شمال مشرقی کانگو کے اس صوبے میں ایک مقامی ملیشیا گروپ نے مبینہ طور پر حملہ کیا تھا۔

فرحان حق نے کہا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اجتماعی قبروں کا تعلق مقامی عسکریت پسندوں کے ساتھ ہونے والی لڑائی سے تو نہیں ہے۔

فرحان حق نے بتایا کہ چھ بچوں سمیت 42 افراد کی لاشیں نیامبا گاوں میں ایک اجتماعی قبر میں ملی ہیں جبکہ سات دیگر افراد کی لاشیں ایم بوگی گاوں میں ایک اجتماعی قبر میں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ کوڈیکو (CODECO) ملیشیا کی طرف سے اواخر ہفتہ شہریوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد امن قائم کرنے والے دستوں نے علاقوں میں گشت شروع کیا۔ اسی دوران یہ خوفناک انکشافات ہوئے۔

Share This Article
Leave a Comment