بلوچستان کے علاقے حب اور ڈیرہ مراد جمالی میں ٹریفک حادثہ و کرنٹ لگنے کے تین مختلف واقعات میں 3افرادہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔
حب کے علاقے بھٹ آباد میں منگل کی شب کو دکان میں کام کے دوران بجلی کاکرنٹ لگنے کے نتیجے میں 25سالہ صداقت علی ولی رستم علی بلیدی ہلاک ہو گیا۔
متوفی کی نعش حب اسپتال منتقل کردیا گیا اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دوسرا واقعہ حب مغربی پاس پر پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے 35سالہ زاہد حسین ولد محمد بچل ہلاک اور 22سالہ زاہد ولد عظیم زخمی ہو گئے۔
لاش اور زخمی شخص کوجام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کردیا گیا اور ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دریں اثنا ڈیرہ مراد جمالی میں منگل کو منگولی تھانہ کی حدود میں گوٹھ سبز علی عمرانی کے رہائشی اکبر لاشاری موٹر سائیکل پرجارہے تھے کہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے ان کی اہلیہ موقع پرہلاک جبکہ اکبر لاشاری بیٹی سمیت شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرکے کار کو تحویل میں لے لیا۔
مزید کارروائی جاری ہے۔