بنوں: یرغمالی اہلکاروں کی رہائی کیلئے آپریشن،2 فوجی اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی تھانے میں یرغما ل بنائے گئے اہلکاروں کی رہائی کیلئے کینٹ آپریشن میں حکومت وعسکری حکام کی جانب سے تمام قابضین کی ہلاکت و یرغمالیوں کی رہائی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی دفتر میں اہلکاروں کو یرغمال بنانے والے تمام شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے لیکن اس دوران دو فوجی ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت 15 زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران تمام یرغمال افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

خواجہ آصف کی جانب سے اس حوالے سے تفصیلات قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بتائی گئیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں 33 دہشتگرد تھے، ان میں سے ایک نے باتھ روم جاتے وقت وہاں ایک اہلکار کے سر پر اینٹ مار کر باقی لوگوں کو بھی یرغمال بنا لیا۔

’آج ساڑھے 12 بجے سی ٹی ڈی نے آپریشن شروع کیا۔ تمام دہشتگرد اس آپریشن میں ہلاک کر دیے گئے ہیں اور آج ڈھائی بجے سی ٹی ڈی کا کمپاؤنڈ کلیئر کر دیا گیا ہے۔‘

خواجہ آصف نے آپریشن کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران دو فوجی ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت 10 سے 15 جوان زخمی ہوئے ہیں جبکہ سارے کے سارے افراد جنھیں یرغمال بنایا گیا تھا انھیں رہا کروا لیا گیا ہے۔ تاہم خواجہ آصف کی جانب سے یرغمالیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

Share This Article
Leave a Comment