بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں جان لیوا مرض کینسر نے شدت اختیار کرلی، دو روز کے دوران پانچ سالہ بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند سال سے جان لیوا مرض کینسر نے ضلع ڈیرہ بگٹی میں تقریباً وبا کی شکل اختیار کرلی ہے۔
ضلع بھر میں سینکڑوں افراد اس جان لیوا مرض کا شکار ہیں جبکہ مرض کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد دم توڑ گئے۔
دو روز کے دوران کینسر کے باعث ہلاک افراد میں وڈیرہ دین محمد مرہٹہ بگٹی کے چھوٹے بھائی فقیر محمد عرف بادشاہ بگٹی محلہ کالی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور وڈو بگٹی کے پانچ سالہ فرزند جبکہ تحصیل سوئی کے میر حسن نتھانی مسوری بگٹی شامل ہیں۔
مرض کی شدت کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
شہریوں نے بلوچستان و وفاقی حکومت سے مرض کے سدباب کے لئے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔