کوئٹہ میں فورسز پرخودکش حملہ،3 افرادہلاک، متعدد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں پولیس ٹرک پرخودکش حملہ ہوا ہے۔

حملے کے نتیجے میں بچہ سمیت 3 افرادہلاک جبکہ20پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکابلیلی کچلاک بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش ہوا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکا بندی کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور اس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔

کہا جارہا ہے کہ ٹرک میں سوار پولیس اہل کار پولیو مہم کے لیے ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی ہوئے تاہم بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق 20 پولیس اہل کاروں سمیت 27 افراد زخمی ہیں جب کہ ایک بچے اور پولیس اہل کار کے ہلاک ہونے کی اطلاع بھی ہے۔

لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر واقعے کے بعد جائے وقوع پہنچے، جہاں انہوں نے میڈیا کوبتایا کہ دھماکے میں تقریباً 20 پولیس اہلکار اور 4 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ خودکش تھا جس میں 20سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹرک کو رکشے نے ٹکر ماری، خودکش بمبار رکشے میں تھا، پولیس اہلکار پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے۔

ڈی آئی جی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد شہر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے 3 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور راہگیر شامل ہے۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ٹی ٹی پی نے گذشتہ روزپاکستانی حکومت و فوجی قیادت سے مذاکرات ناکام ہونے پر جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر میں حملوں کا اعلان کیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment