: نیوزاپ ڈیٹ
انڈونیشیا میں 5.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 252 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق زلزلے سے انڈونیشیا کا مرکزی جزیرہ جاوا سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 تھی جس کا مرکز جکارتا کے جنوب میں تھا۔
سیانجر انتظامیہ کے سربراہ ہرمن سوہرمن نے مقامی نشریاتی ادارے میٹرو ٹی وی کو بتایا کہ ہمیں موصولہ اطلاعات کے مطابق صرف اس ہسپتال میں 252 افراد ہلاک اور سینک زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے اکثر عمارتیں زمین بوس ہونے کی وجہ سے ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔
انڈونیشیا کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ملک میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز جکارتا سے 100 کلومیٹر دور سیانجُر میں تھا۔
انڈونیشیا کے درالحکومت جکارتا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
جکارتا میں کام کرنے والے 22سالہ وکیل مایادیتا والیو نے کہا کہ میں کام کررہا تھا کہ اسی دوران مجھے زمین ہلتی ہوئی محسوس ہوئی، میں واضح طور پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کر سکتا تھا، یہ جھٹکے وقت کے ساتھ مزید تیز ہوتے گئے اور کافی وقت تک یہ سلسلہ جاری رہا۔
جکارتا کی ایک بلند و بالا عمارت میں کام کرنے والے اے ایف پی کے صحافیوں کو بھی فوری طور پر عمارت خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔