مستونگ میں سی ٹی ڈی کا 2آزادی پسند وں کی گرفتاری کا دعویٰ،قلات سے ایک شخص لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے علاقے مستونگ سے 2بلوچ آزادی پسندوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم یو بی اے کارکن ظہیر احمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مستونگ کے نواحی علاقے میں اپنے ٹھکانے میں موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی ٹیم نے گزشتہ روز مستونگ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا ٹیم کو دیکھتے ہی مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی تاہم جوابی کارروائی کے بعد سی ٹی ڈی نے ظہیر احمد اور نوروز خان کو گرفتار کرکے اسلحہ قبضے میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی کے دعوے کے مطابق گرفتارکئے گئے ظہیر احمد اور نوروز خان کے سر کی قیمت حکومت بلوچستان نے 15 لاکھ روپے مقرر کی ہوئی ہے۔

واضع رہے کہ سی ٹی ڈی ایک متنازع فورس بن چکی ہے جس کی کارروائیوں اور دعوؤں کی مکمل پول کھل چکی ہے کہ وہ کس طرح لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل اور مختلف اوقات و مختلف علاقوں سے ان کی گرفتاری ظاہر کرکے میڈیا کے سامنے انہیں بطور دہشت گرد پیش کرتارہاہے۔اب سی ٹی ڈی کے دعوؤں کو بلوچستان بھر سے سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی فورسز نے گذشتہ روز قلات کے علاقے شیخ حاجی سے کلیم اللہ ولد علی گل مینگل کو حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہناہے کہ قلات کے مختلف علاقوں سے فورسز نے دو روز کے دوران تین افراد کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے۔

اس سے قبل پاکستانی فورسز نے بڑی تعداد میں قلات خزینئی کا محاصرہ کرتے ہوئے تشدد کے بعد دو گلہ بانوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment