بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے16اکتوبر کو کراچی میں ایک چیریٹی پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جس میں تقاریر سمیت میوزیکل پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ چیریٹی پروگرام شہید بالاچ نوشیروانی کے نام سے منسوب کیا جائیگا۔
واضع رہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں شہید بالاچ نوشیروانی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں بچے کو کنویں سے نکالنے کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
یہ پروگرام اتوار کے روز تین بجے پرنس لان، نزد ملیر کورٹ میں منعقد ہوگا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی آرگنائزر آمنہ بلوچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چیریٹی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرین کی مدد ہوسکے۔
آمنہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اب تک پندرہ سے زائد ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تقسیم کئے گئے۔ امدادی سامان میں خیمے، کمبل، کپڑے، لحاف، گھی، چاول، دال، چینی، سمیت دیگر اشیا شامل تھے۔
آمنہ بلوچ نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے متاثرین مختلف بیماریوں کے شکار ہوئے تھے۔ اور اس سلسلے میں سات میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے تھے۔ جس میں ہزاروں لوگوں کو فری علاج اور ادویات دیئے گئے۔بروز پیر بی وائی سی کراچی کی جانب سے 330 مچھر دانی سمیت 500 موسپیل کراچی سے کوئٹہ بھیجے جو آج کوئٹہ سے کوہلو کی جانب بھیجے جائیں گے۔
یاد رہے کہ بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کے بعد صورتحال اب تک خراب ہے۔اور بیماریاں اپنے عروج پر ہیں۔