بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 8افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پرونشل ڈیزاسٹڑ منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کے سرکاری اعداد وشمارکے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مختلف واقعات میں 278 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کاکہنا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ہلاک ہونے والوں میں 6 مرد اور 2خواتین شامل ہیں۔بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 172 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 64 ہزار 385 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ 70 ہزار 444 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا،بلوچستان میں سیلابی ریلوں میں 22 پل گر گئے جبکہ2 ہزار 200کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔