ملتان سکھر موٹروے پر بس اور ٹینکر میں تصادم سے 20 افرادہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان میں ملتان-سکھر موٹر وے (ایم-5) پر ایک مسافر بس کے آئل ٹینکر سے تصادم کے نتیجے میں 20 افرادہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔

ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ایک بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جا ٹکرائی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور جلالپور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بعد ازاں کمشنر ملتان عامر خٹک نے بھی ایک ٹوئٹ میں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔

ان کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر مکمل طور پر جل گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی، ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حوالے بات کرتے ہوئے موٹر وے پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ رات 2:30 بجے کے قریب پیش آیا۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں ہزاروں لیٹر پیٹرول موجود تھا، بظاہر حادثے کی وجہ دورانِ سفر بس ڈرائیور کا سو جانا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment