لوئر دیر میں خیبر پختونخواکے رکن اسمبلی پر حملہ، 4 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے علاقے لوئر دیر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت خان کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل اور لیویز سپاہی سمیت کم از کم 4 افراد ہلاک اور ایم پی اے خود زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی کا بھتیجا اور بھائی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، یہ واقعہ تھانہ زیمدرہ کی حدود میں پیش آیا۔

امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ایم پی اے گال میدان میں ایک جنازے میں شرکت کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ ہفتے کی رات ان کی گاڑی پر حملہ ہوا۔

ملک لیاقت خان کو دیگر دو رشتہ داروں کے ساتھ تیمرگرہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے بعد میں ایم پی اے کو پشاور منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کانسٹیبل نصیر، لیویز کانسٹیبل باچا راون، ایم پی اے کا بھائی جہاں عالم اور بھتیجا یاسر شامل ہیں۔

زخمیوں میں رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت خان، ان کے سیکریٹری 28 سالہ محمد شعیب، 35 سالہ شاکرین اور 14 سالہ حذیفہ شامل ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق ایم پی اے کو متعدد زخم آئے ہیں، ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کا آپریشن کیا جا رہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔

خیال رہے کہ گال میدان تحریک نفاذ شریعت محمدی کے رہنما مولانا صوفی محمد کا آبائی شہر، 2009 میں تحریک طالبان پاکستان کے کنٹرول میں تھا تاہم ایک فوجی آپریشن میں علاقے کو کلیئر کر دیا گیا تھا۔

حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ زیمدرہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment