کوئٹہ میں ڈاکٹرز پر پولیس کا حملہ و تشدد، درجنوں گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کوئٹہ میں کورونا وائرس سے تحفظ کی کٹ فراہم نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے درجنوں ڈاکٹروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا، یہ ڈاکٹرز کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کررہے تھے۔

گرفتار کیے جانے والے ڈاکٹرز کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کررہے تھے جنہوں نے سول ہسپتال سے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بلوچستان کے سیکریٹریٹ تک احتجاجی مارچ کیا۔

تاہم پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو احتجاج کرنے سے روکتے ہوئے درجنوں ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا۔

کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس رزاق چیمہ نے ڈاکٹروں کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ ’ہاں آج پولیس نے درجنوں ڈاکٹروں کو گرفتار کیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کو کوئٹہ کے متعدد تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) نے ڈاکٹروں کی گرفتاری پر بلوچستان بھر میں تمام سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی کا کہنا تھا کہ ’پولیس کے تشدد پر ہم اپنی تمام سروسز معطل کر رہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے بلوچستان حکومت سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے ذاتی حفاظتی کٹس (پی پی ای) کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

قبل ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کی صورتحال میں حکومتی بے حسی کے خلاف اور اپنے جائز حقوق کے اصول کے لیے احتجاج کریں گے‘۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’15 ڈاکٹرز کورونا وائرس کے شکار ہورہے ہیں، حکومت کو کئی بار تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا مگر شنوائی نہیں ہوتی‘۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے کورونا سے لڑنے کے لیے حفاظتی کٹس فراہم کرنے کے بجائے ڈاکٹرز پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپنی فوج کو ہتھیار نہیں دے گی تو حکومت کورونا کے خلاف جنگ کیسے جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں پر تشدد کی منطق سمجھ سے باہر ہے تشدد، ڈنڈے، گالی اور تقریروں سے کورونا کا مقابلہ نہیں ہوسکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ کب سے توجہ دلارہے ہیں کہ خدارا ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس پہنچائیں قوم پر رحم کریں، سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

Share This Article
Leave a Comment