ممتاز مصنف، محقق و سینئر صحافی اختر بلوچ انتقال کرگئے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ممتاز مصنف، محقق، سینئرصحافی وتجزیہ نگار اختر بلوچ مختصر علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔

مرحوم اختر بلوچ کی عمر 50 سال کے قریب تھی، یہ افسوس ناک خبر صحافی برادری کے لیے انتہائی کرب کا باعث ہے۔ وہ کراچی یونین آف جرنلسٹس (کییوجے) کے سنئیر رکن تھے۔

ان کے قریبی دوست اور سینئر فوٹوگرافر اختر سومرو نے بتایا کہ اختر بلوچ گزشتہ چند روز سے بخار اور جسمانی درد میں مبتلا تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 3 روز قبل اختر بلوچ نے انہیں فون کرکے بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو وہ ان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے تھے، انہیں ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا جس نے کمر میں درد اور بخار کے باعث انہیں کچھ دوائیں تجویز کیں۔

ہفتہ کے روز سینئر صحافی سعید بلوچ نے ان سے ملاقات کی اور انہیں ہسپتال لے گئے جہاں ان کے تمام ٹیسٹ اور ایکسرے ٹھیک قرار دیے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر بہت کم ہے۔

تاہم بعد میں اختر بلوچ کے نوجوان بیٹے نے ہفتے کی رات 11 بج کر 45 منٹ پر سعید بلوچ کو فون کیا اور یہ افسوسناک خبر سنائی کہ ان کے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔

اختر سومرو نے بتایا کہ اختر بلوچ مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے، وہ حیدرآباد پریس کلب، سندھ میں کوآرڈینیٹر ایچ آر سی پی، سربراہ اسپارک، بچوں کے حقوق کی این جی او اور ڈان ڈاٹ ٹی وی کے ساتھ بھی منسلک رہے۔

پرانے کراچی، شخصیات اور دیگر معاملات کے بارے میں ان کے بلاگز، تحقیقی مقالے 2 کتابوں میں شائع ہو چکے ہیں جن میں ‘کرانچی والا’ بھی شامل ہے۔

انھوں نے اردو میں خواجہ سراؤں پر تحقیقی کتاب (تیسری جنز) بھی لکھی، وہ مختلف یونیورسٹیوں کیساتھ بطور وزٹنگ فیکلٹی ممبرز بھی منسلک تھے۔

اختر سومرو کا کہنا ہے کہ ان دنوں وہ اردو ادب میں انسانیت کے موضوع پر پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔

مرحوم اختر بلوچ نے سوگواران میں بیوہ اور 3 بچے چھوڑے ہیں۔

ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر کراچی کی مقامی مسجد گارڈن میں ادا کی جائے گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment